مسلم لیگ (ن) کا پارٹی سیکرٹریٹ پر چھاپے کیخلاف ایف آئی اے کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون پر چھاپے کے خلاف ایف آئی اے کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل میں لیگی رہنما عطا تارڑ بھی ایف آئی اے کی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے جن سے زبانی سوالات پوچھے گئے ، (ن) لیگ نے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا کی تقرری کو سیاسی قرار دیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کیلئے قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کر دیا ۔لیگی رہنما عطا تارڑ کی ایف آئی اے میںپیشی اور (ن) لیگ کی جانب سے احتجاج کی کال کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری نے صبح سویرے ہی ایف آئی اے کی عمارت کی طرف جانے والے راستوںکو بیرئیر اور رکاوٹیںلگا کر بند کر دیا جس کی وجہ سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا جبکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے اینٹی رائیڈ فورس کے دستے بھی تعینات رکھے گئے۔ لیگی رہنما اور کارکنان ٹولیوں کی صورت میں ایف آئی اے کے دفتر کے باہر جمع ہوئے اوراپنی قیادت کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے ۔ اس موقع پر لیگی کارکنوںنے ایف آئی اے کی عمارت کے اندرداخل ہونے کی کوشش میں پولیس اہلکاروں سے دھکم پیل بھی کی ۔ عطا تارڑ نے جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل میں ایف آئی اے کی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور مختلف سوالات کے جوابات دئیے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جج ارشد ملک کے حوالے سے سپریم کورٹ کے ریمارکس سب کے سامنے ہیں لیکن انہیں کوئی نہیں پوچھتا نہیں،ایف آئی اے نے ابھی تک مجھ سے کوئی تحریری بیان نہیں لیااور صرف زبانی سوالات پوچھے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کیس میں اگست میں اپنا بیان جمع کر اچکا ہوں ۔ ہم ڈنکے کی چوٹ پر کہتے ہیں کہ واجد ضیا کی ایف آئی اے میں تقرر ی سیاسی ہے اور انہیں مسلم لیگ (ن) کو ٹف ٹائم دینے کا ٹاسک سونپا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بشیر میمن کی پر ی میچور ریٹائرمنٹ کا معاملہ بھی سب کے سامنے ہے ۔ عمران نیازی کو وفاقی اداروں مداخلت کی عدالت پڑ چکی ہے لیکن ہم ان کے فسطائیت اور اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کیلئے اس طرح کی منفی سر گرمیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واجد ضیا کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لئے قانونی چارہ جوئی کریں گے اور اس کے لئے مشاورت جاری ہے ۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ عمران نیازی کہتے تھے کہ میں اداروں کو سیاست سے پاک کروں گا لیکن آج نیب اورایف آئی اے کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے ۔ بشیر میمن کو ڈی جی ایف آئی اے کے عہدے سے ہٹانا اور واجد ضیا کی تعیناتی سے ثابت ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ عمران نیازی مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں اورکارکنوں پر جتنا مرضی ظلم کرلیں نواز شریف اور شہباز شریف کے پروانے ان کے ساتھ کھڑے تھے اور ساتھ کھڑے رہیں گے بلکہ ہم نیازی حکومت کو بھگا کر دم لیں گے۔ لیگی کارکنوں کے احتجاج اور ایف آئی اے کی عمارت کے باہر جمع رہنے کی وجہ سے مزنگ، صفانوالہ چوک،مال روڈ اوردیگر شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دبائو رہا ۔