گوادرمیں مظاہرین کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائےگی،چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ (پ ر ) گوادر میں حق دو تحریک کے رہنماوں کےخلاف کارروائی اور گرفتاریوں کےخلاف دوسرے روز بھی ہنگامے اوراحتجاج جاری رہا، مظاہرین نے پولیس تھانے کے نذر آتش اورماڑہ میں کوسٹل ہائی وے کو ٹریفک کےلئے بند کردیا،گوادر اور اورماڑہ میں بازاز بھی بند رہے،گوادر میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل رہی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گوادر میں حق دو تحریک کے دھرنے کےخلاف پولیس کی کارروائی اور رہنماوں کی گرفتاری کےخلاف منگل کو اورماڑہ میں حق دو تحریک کے کارکنوں اور دیگر افرد نے کوسٹل ہائی وے پر احتجاج کیا اور ہائی وے کو ٹریفک کےلئے بند کیا ، احتجاج کرنےوالوں میں خواتین بھی شامل تھیں۔کوسٹل ہائی وے کی بندش سے گوادر کراچی ٹریفک کی روانی معطل رہی اور اس دوران مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بعدازاں اورماڑہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر حق دو تحریک کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا جس کے بعد ہائی وے پر رکاوٹیں ہٹادی گئیں اور شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال کردیا گیا۔چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ گوادر میں مظاہرین نے قانون کو اپنے ہاتھوں میں لیکر نہ صرف پولیس اسٹیشن کو نذر آتش کیا ہے بلکہ وہاں ایک پولیس کانسٹیبل یاسر کو بھی شہید کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائےگی ۔دوسری جانب حق دو تحریک بلوچستان کے ٹویٹ کے مطابق تحریک کے رہنماو¿ں کی گرفتاری اور کارکنوں پر تشدد کے خلاف دوسرے روزبھی احتجاج کیا گیا ٹویٹ کے مطابق گوادر میں بجلی اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے جبکہ گوادر میں دیگر شہروں سے موبائل فون کے ذریعے رابطے میں بھی مشکل پیش آرہی ہے۔