اسلام آباد ،تعلیمی اداروں اور دینی مدرسے میں بچوں پر تشدد کے متعلق نیا ہدایت نامہ تمام زونلز ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز کو جاری
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی پولیس نے تعلیمی اداروں اور دینی مدرسے میں بچوں پر تشدد کے متعلق نیا ہدایت نامہ تمام زونلز ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز کو جاری کردیا۔ جمعہ کو جاری مراسلے کے مطابق بچوں پر تشدد کی اطلاع پر پولیس فوری کارروائی کرے گی،تشدد زدہ بچے کو فوری میڈیکل کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کیا جائے گا،ایم ایل آر رپورٹ کے مطابق اگر جرم قابل دست اندازی پایا گیا تو فوری ایف آئی آر درج کی جائے گی،بچے کو کو تسلی دی جائے گی تاکہ وہ پولیس کو اصل حقائق سے آگاہ کرسکے۔ مراسلے کے مطابق تشدد کا شکار ہونے والے بچوں کو ذہنی بحالی کے لیے نفسیاتی ڈاکٹر کی مدد حاصل کی جائے گی ،بچے کے والدین کو اگر پتہ نہ ہو تو ان کو فوری اطلاع دی جائے گی۔ مراسلے کے مطابق بچے کے والدین کو بچے کی حفاظت کے بارے بھی ہدایات دی جائیں گی،متعلقہ ادارے جہاں بچے پر تشدد ہوا ہو تو فوری اس کے سربراہ کو اطلاع دی جائے گی۔ مراسلہ میں کہاگیاکہ متعلقہ ادارے کا سربراہ فوری تشدد کرنے والے ذمہ دار کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائے گا،جرم قابل دست اندازی ہونے کی صورت میں ذمہ دار شخص کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ مراسلے کے مطابق وقوعہ کے متعلق میرٹ پر تفتیش عمل میں لائی جائے گی اور چالان مجاز عدالت میں بھیجا جائے گا،بچے ہمارا ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں ان پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔