موبائل ریچارج پر ٹیکس وصولی شروع ہو گئی
اسلام آبا د موبائل کے اب 100 روپے کے کارڈ پر پورے 100 روپے کا بیلنس نہیں ملے گا، موبائل صارفین سے ٹیکس وصولی شروع ہوگئی ہے۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں موبائل فون کمپنیاں وفاقی اور صوبائی ٹیکسز صارفین سے بل اور کارڈ کے ساتھ وصول کرنے لگیں۔ملک بھر میں گزشتہ رات 12 بجے سے موبائل فون کے ریچارج کارڈز پر ٹیکس بحال ہوگیا، اس حوالے سے موبائل سیلولر کمپنیوں کو سپریم کورٹ کا فیصلہ موصول ہو چکا ہے جس پر عمل درآمد بھی شروع ہوگیا،جس کے بعد اب موبائل ریچارج کرانے والے صارفین سے ٹیکس وصول کیا جانے لگا ہے۔پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی اور موبائل فون کمپنیوں کے نمائندوں نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ پرانا ٹیکس سسٹم بحال ہو گیا ہے، جس حساب سے پہلے موبائل کارڈ پر پیسے کٹتے تھے اب بھی اتنے ہی پیسے کٹ رہے ہیں۔موبائل کمپنیوں کے نمائندوں نے بتایا ہے کہ 100روپے کے ریچارج کارڈ پر مختلف مد میں 30روپے تک کا ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ برس 12 جون کو ٹیکس وصولی پر حکم امتناع دیا تھا۔