کشمیر،فلسطین میں خواتین کوجنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے،ملیحہ لودھی
نیویارک اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین میں خواتین کو جنسی تشددکا نشانہ بنایا جاتا ہے،ایسے سنگین جرائم کا مقصد خواتین میں دہشت اور خوف پھیلانا ہے۔ہفتے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشیدہ علاقوں میں تنازعات میں گھری خواتین کیخلاف تشدد پرمباحثے ہوا۔پاکستان نے تنازعات میں گھری خواتین کی حفاظت کیلئے عالمی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔تقریب سے خطاب میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشیدہ علاقوں میں جنسی تشدد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے،ایسے سنگین جرائم سے متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی کیلئے بھرپور کوشش کرنا ہوگی۔ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ انصاف کا تقاضہ یہ بھی ہے کہ متاثرہ خواتین کو باعزت اور محفوظ مستقبل فراہم کیا جائے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین جیسے مقبوضہ علاقوں میں خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ،ایسے سنگین جرائم کا مقصدخواتین میں دہشت اورخوف پھیلانا ہے،ایسے سنگین جرائم سے متاثرہ خواتین کوانصاف دلاناہوگا۔