رمضان کپ، عمرایسوسی ایٹس نے اسٹیٹ بینک کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا
کراچی نیا ناظم آباد رمضان کپ نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں عمر ایسوسی ایٹس نے اسٹیٹ بینک کو شکست دے کر ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے انعامات تقسیم کئے۔نیا ناظم آباد رمضان کپ نائٹ کرکٹ کا میلہ نیا ناظم آباد اسٹیڈیم میں سترہ دن تک جاری رہا۔ عمر ایسوسی ایٹس نے فائنل میں اسٹیٹ بینک کو 56 رنز سے زیر کرکے اپنے ٹائٹل کا دفاع کرلیا۔ بین الاقوامی اسٹارز سے سجے اس ٹورنامنٹ نے شہریوں کی توجہ بھی حاصل کیے رکھی۔ شوبز اسٹارز بھی اس ایونٹ میں جلوہ گر ہوئے۔فائنل میں عمر ایسوسی ایٹس نے 20 اوورز میں 197 رنز بنائے، عمر اکمل نے 55 اور اسد شفیق نے 39 رنز بنائے۔ اسٹیٹ بینک کی ٹیم جوابی اننگ میں 148 رنز ہی بنا پائی، عثمان قادر نے 4 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ عمر ایسوسی ایٹس نے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل کا دفاع کیا۔ فاتح ٹیم کو بارہ لاکھ اور رنر اپ کو 6 لاکھ روپے انعامی رقم دی گئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے انعامات تقسیم کیے، چیمپئن ٹیم نے کامیابی کا جشن منایا۔