مہوش حیات اور علی ظفر کی کراچی طیارہ حادثہ بارے حکام سے اپیل
کراچی: معروف اداکارہ مہوش حیات اور گلوکار علی ظفر نے کراچی طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل تیز کرنے کے لیے اعلی حکام سے اپیل کی ہے۔ مہوش حیات نے ٹوئٹر پر اس شخص کی ویڈیو شیئر کی جس نے پی آئی اے طیارہ حادثے میں اپنی اہلیہ سمیت تین بچوں کو کھو دیا اور وہ ابھی تک اپنے پیاروں کی لاشیں شناخت ہونے کے انتظار میں ہے۔اِس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اور اِس خاندان کے لیے ایک دل دہلانے دینے والا مقام ہے۔مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان اور وزارت برائے انسانی حقوق پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ براہ کرم اِس خاندان کے پیاروں کی تلاش میں اِن کی جلد از جلد مدد کی جائے تاکہ اِن کی مشکل آسان ہوسکے۔دوسری جانب علی ظفر نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر کمیل پولانی نامی شخص کا ٹوئٹ شیئر کیا جس میں اس شخص کا کہنا تھا کہ ابھی تک ہمارے پیاروں کی شناخت نہیں ہوسکی اور ہم ان کی ڈی این اے رپورٹس کا انتظار کررہے ہیں، براہِ کرم ہمارے مدد کریں اور اِس عمل کو تیز کریں۔کمیل پولانی نامی شخص کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ میری حکام اعلی سے گزارش ہے کہ اِن متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔