بھارت ، کانگریسی رہنما وکاس چودھری کو گولیوں سے بھون ڈالا،نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج
نئی دہلی کانگریسی رہنما وکاس چودھری کو بھارتی دارالحکومت دہلی کے قریب واقع فریدآباد میں گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ وہ کانگریس ہریانہ کے ترجمان تھے، کانگریس ہریانہ کے صدر اشوک کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال نا گفتہ بہ ہے، یہاں جنگل کا راج ہے، حکومت خواب خرگوش میں مگن ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریسی رہنما وکاس چودھری کو بھارتی دارالحکومت دہلی کے قریب واقع فریدآباد میں گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ وہ کانگریس ہریانہ کے ترجمان تھے۔بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق نامعلوم حملہ آور نے انہیں اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا جب وہ معمول کے مطابق جم سے واپس آرہے تھے۔جائے وقوع پر پہنچنے والی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماروتی سوزوکی کار میں سوار چار افراد نے ان پرحملہ کیا جس کے نتیجے میں انہیں دس گولیاں لگیں۔ کانگریس ہریانہ کے صدر اشوک کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال نا گفتہ بہ ہے۔ انہوں نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جنگل راج ہے۔38 سالہ وکاس چودھری نے کچھ عرصہ قبل ہی بھارتی نیشنل لوک دل سے علیحدگی اختیار کرکے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔