اسلام آباد میں شدید بارش ، سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب ،متعدد گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں

0 4

اسلام آباد /راولپنڈی(ویب ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچادی ، شدید بارشوں کے باعث سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،متعدد گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں ،درجنوں کو نقصان پہنچا،درجنوں گھر وں میں پانی داخل ہوگیا ، 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ،معمولات زندگی درہم برہم ہوگیا ، راول ڈیم میں

پانی کی سطح تیزی سے بلند ہوگئی ، پانی کی سطح مزید بلند ہونے پر اسپل ویز کھول دینے کا عندیہ دیدیا گیا ،دریائے کورنگ اور دریائے سواں کے اطراف رہنے والے لوگوں کو دریا کے کنارے سے دور رہنے کی ہدایت کر تے ہوئے دفعہ 144نافذ کر دی گئی ،نالہ لئی میں طغیانی ،پانی کی سطح 19 فٹ تک بلند ہوگئی جس کے بعد فوج طلب کرلی گئی ۔تفصیلات کے مطابق موسلادھار بارش سے سب سے زیادہ اسلام آباد کا علاقہ سیکٹر ای-11 متاثر ہوا جہاں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور پانی کے ریلے میں بہہ کر درجنوں گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس حکام کے مطابق سیکٹر ای-11

ہاؤسنگ سوسائٹیز پر مشتمل سیکٹر ہے اور یہاں پولیس فاؤنڈیشن کے پیٹرن انچیف سیکریٹری داخلہ خود ہیں، جہاں سوسائٹی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔حکام کے مطابق سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سوسائٹی انتظامیہ کی کوئی بھی مشینری موجود نہیں تھی بعدازاں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) انتظامیہ نے سیکٹر ای-11میں ہنگامی بنیادوں پر سیلابی پانی کو نکالنے کیلئے کام کیا۔حکام کا کہنا تھا کہ سیکٹر ای-11 کے ایک گھر کی بیسمنٹ میں رہائش پذیر خاندان سے تعلق رکھنے والے ماں بیٹا پانی بھر جانے کے سبب جاں بحق ہوگئے۔ اہل خانہ کے مطابق نالے کا پانی گھر میں داخل ہونے سے 4 بچے اور ماں ڈوب گئے تھے

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.