وزیراعظم کا افغانستان سے تجارت کرنیوالوں کیلئے بارڈر مارکیٹیں کھولنے کا اعلان
مہمند(ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمگلنگ پاکستان کو تبا ہ کررہی ہے، صنعتیں آگے نہیں بڑھ رہیں، افغانستان سے تجارت کرنیوالوں کیلئے بارڈرمارکیٹس کھول رہے ہیں،افغانستان میں امن سے قبائلی علاقوں میں بڑی تبدیلی آئے گی۔
مہمند میں وزیراعظم عمران خان نے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت کی پالیسی سے معزز عمائدین کو آگاہ کرنا چاہتاہوں، نظریہ حکومت کا روڈ میپ ہوتا ہے ، مدینہ کی ریاست جن اصولوں پر کھڑی تھی وہی ہمارا نظریہ ہے، کمزور طبقے کو اوپرلانا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نظریہ اور پالیسی سازی حکومت کی سمت کا تعین کرتی ہے ، ملک میں ترقی ہوتی ہے تو وہ سب کو اوپر اٹھانے کیلئےہونی چاہیے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ایک علاقہ اٹھ جائےاورباقی پیچھے رہ جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ ڈی جی خان،میانوالی،اندرون سندھ کے علاقے پیچھے رہ گئے، پیچھے رہ جانیوالےوالوں میں قبائلی علاقے سب سے نمایاں ہیں، ماضی میں قبائلی علاقے کے ووٹ سے کوئی اقتدار میں نہیں آتا تھا، جو پارٹی اندرون سندھ سے آتی ہے وہ کراچی کیلئے کچھ نہیں کرتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ زیادہ سےزیادہ فنڈ قبائلی علاقوں پر خرچ کریں، صوبوں نے وعدہ کیا تھا کہ 3فیصد این ایف سی ایوارڈقبائلی علاقوں کو دیں گے ، افسوس ہے ہمیں حکومت ملی تو صوبوں کو اپنا وعدہ یاد نہیں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کے پی نے قبائلی علاقوں کو اپنا شیئر دے دیا،باقی کہتے ہیں برے حالات ہیں،وسطی پنجاب سے ن لیگ آئی اس نے جنوبی پنجاب پر توجہ نہیں دی، میری پوری کوشش ہے قبائلی علاقوں اور بلوچستان کو پورافنڈ ملے، قبائلی علاقوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے پورا زور لگارہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جو عناصر کے پی اور قبائلی علاقوں کاانضمام نہیں وہ افراتفری پھیلانے کی پوری کوشش کررہے ہیں، کے پی اور قبائلی علاقوں کے انضمام روکنے کیلئے رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں ، اسمگلنگ پاکستان کو تباہی کررہی ہے، صنعتیں آگے نہیں بڑھ رہیں۔