شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میںسعودی عرب کی مزید ترقی و خوشحالی کےلئے دعا گو ہوں،وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو وزیر اعظم کے عہدے پر تقرری کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ میں اپنے بھائی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو سعودی عرب کے وزیر اعظم کے طور پر تقرری کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، میں ان کی کامیابی اور برادر ملک سعودی عرب کے لیے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں مزید ترقی اور
خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں۔دریں اثنا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہزاد خالد بن سلمان کو سعودی عرب کا وزیر دفاع بننے پر بھی مبارکباد دی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی تاریخی برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔واضح رہے عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے منگل کے روز تین شاہی احکامات جاری کیے جن میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مملکت کا وزیر اعظم مقرر کرنا اور کونسل کی تشکیل نو شامل ہے۔