قبائلی علاقوں کے انضمام کا اصل مقصد عوام کو ملک کے دیگر علاقوں کی طرز پر سہولیات فراہم کرنا ہے،وزیراعظم عمران خان

0 6

پشاور(این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کا اصل مقصد وہاں کے عوام کو ملک کے دیگر علاقوں کی طرز پر سہولیات فراہم کرنا ہے،قبائلی علاقہ جات میں کاروبار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دیں جس کی وجہ سے علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سماجی و معاشی ترقی ہوگی۔ ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان سے خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ اراکین نے ملاقات کی جس میں گورنر شاہ فرمان، وزیر اعلی محمود خان، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور سینئر افسران موجود تھے ۔وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کا اصل مقصد وہاں کے عوام کو ملک کے دیگر علاقوں کی طرز پر سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے ماضی میں اس علاقے کی عوام کو نظر انداز کیا گیا،انضمام کے عمل کو کامیابی سے آگے بڑھاناپی ٹی آئی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔موجودہ حکومت نے انضمام شدہ علاقوں کے لئے ریکارڈ فنڈز مہیا کیے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ انضمام شدہ علاقوں میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ قبائلی علاقہ جات میں کاروبار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دیں جس کی وجہ سے علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سماجی و معاشی ترقی ہوگی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت اس پہلو پر خصوصی توجہ دے تاکہ صوبے میں موجود سیاحت کے استعداد کو بروے کار لایا جا سکے۔خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی پر عوام نے دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا ہے اس لیے اب ہمارے اوپر زیادہ ذمہ داری ہے کہ عوام کی بھر پور خدمت کریں۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.