سندھ میں یوتھ منسٹر ہی نہیں، نوجوان کہاں جائیں: عثمان ڈار
کراچی(این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ایک بار پھر سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ کا حال یہ ہے کہ صوبے میں یوتھ منسٹر ہی نہیں۔ایک انٹرویو میں عثمان ڈار نے کہا کہ سندھ میں یوتھ منسٹر نہیں ، کراچی اور سندھ کے نوجوان بڑی تعداد میں ہیں، وہ کہاں جائیں۔انہوںنے کہاکہ سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ وزیر اعظم کے ساتھ ایک پیج پر ہیں لیکن سندھ کے وزیر اعلیٰ وزیر اعظم کے ساتھ ایک پیج پر نہیں، دیگر صوبوں میں آئی جی تبدیل ہوئے تو اتفاق سے کیے گئے، یہاں صورت حال ویسی نہیں، سندھ حکومت بار بار اٹھارویں ترمیم کے پیچھے نہ چھپے۔عثمان ڈار نے کہا کہ ریلوے کا خسارہ 40 ارب تھا جو شیخ رشید 32 ارب روپے پر لے آئے، پی ٹی آئی حکومت تباہ حال اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پی آئی اے بھی خسارے کا شکار تھی جسے ٹھیک کر رہے ہیں، اداروں کی تباہ حالی کے بارے میں ان 2 پارٹیوں سے پوچھا جائے جو 35،40 سال سے جو حکمرانی میں رہیں۔