پاکستان کو آئین کے مطابق چلاناچاہتے ہیں ،محمود خان اچکزئی

0 167

)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم اسے توڑنا نہیں چلانا چاہتے ہیں اور اس کیلئے شرط یہ ہوگی کہ اس ملک کااپنا آئین ہے جس نے ہم سب کو یکجا کر رکھا ہے ا س پر مکمل عملدرآمد ہو۔ عوام کا منتخب کردہ پارلیمنٹ سپریم اور طاقت کا سرچشمہ ہو، حقیقی وفاقی پارلیمانی جمہوری فیڈریشن کا قیام ہو،جمہور کی حکمرانی ہو، قوموں کی برابری ہو،قانون، انصاف سب کیلئے برابر ہو، عوام کی منتخب کردہ پارلیمنٹ سے خارجہ وداخلہ پالیسیوں کی تشکیل ہو، قوموں کے وسائل پر ان کے واک واختیار کو تسلیم کرنا ہوگا،ہر ادارے کو آئین میں وضع کردہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دینے ہونگے اور سیاست میں مداخلت سے گریز کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین NA-266چمن قلعہ عبداللہ اور NA-263کوئٹہ IIسے پارٹی کے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی نے پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام عوامی اجتماعات، اولسی جرگوں اور حلقہ پی بی41کے پارٹی کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کی محنت کی بدولت آج عوام جوق در جوق پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صفوں میں شامل ہورہے ہیں، عوام باشعور ہیں اور انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی قومی تحریک کا حصہ بن رہے ہیں،ایسے میں غرور وتکبر سے بچنا ہوگا اور مزید محنت کرنی ہوگی، ہمیں عوام کی طاقت کی ضرورت ہے اور اب یہ ہم سب کی آزمائش ہے کہ ہم اپنے عوام کو کیسے متحد ومنظم رکھیں۔پشتونخوامیپ کی سیاست، تنظیمی سرگرمیاں اور ذمہ داریاں پوری کرنے میں ذمہ دار عہدیداروں، کارکنوں کو سستی،کاہلی یا اپنے فرائض میں غفلت نہیں برتنی ہوگی اور اگر کوئی اپنی مصروفیات یا کسی مجبوری کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر پارہا تو اسے کسی اور ذمہ دار کارکن کو اپنے فرائض حوالے کرنا چاہیے۔ کیونکہ پشتونخواملی عوامی پارٹی آج جس مقام تک پہنچی ہے اس کے پیچھے شہادتیں،قربانیاں، قید وبند کی سزائیں، بہت سے رہنما¶ں،کارکنوں، گمنام سپاہیوں کی محنت شامل ہیں۔ ایسی صورتحال میں جب پشتونخوا وطن کے عوام کی امیدیں آپ کی پارٹی سے ہوں تو ہمیں انتہائی چوکنااور اپنے فرائض کو ایمانداری کے ساتھ سرانجام دینے ہونگے۔ اب بھی اگر ہم اپنے قومی اہداف کے حصول میں ناکام ہوئے تو اس کے ذمہ دار ہمارے عوام نہیں بلکہ پارٹی کے یہ عہدیدار ہونگے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.