وزیراعلی پنجاب کے عوام سے براہ راست رابطے کیلئے جدید آئی ٹی نظام قائم

0 182

لاہور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے آئی ٹی کے جدید سسٹم کے ذریعے عوام سے براہ راست رابطہ شروع کر دیا، ایوان وزیراعلی میں رابطوں کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جدید نظام قائم کر دیا گیا ہے، سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپنے اور عوام کے درمیان فاصلے حائل نہیں ہونے دوں گا۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ایوان وزیراعلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے مختلف دفاتر یا خدمت سنٹر میں عوام سے براہ راست رابطہ کریں گے۔ وزیراعلی مختلف دفاتر یا خدمت سنٹر میں اپنے مسائل کے حل کیلئے آئے شہریوں سے براہ راست مخاطب ہوں گے۔شہری وزیراعلی کو متعلقہ محکموں سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کر سکیں گے۔ وزیراعلی شہریوں سے سرکاری محکموں کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں براہ راست فیڈ بیک لیں گے، وزیراعلی کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ رابطوں کیلئے انتخاب خود کریں گے۔نئے سسٹم کی تنصیب کے بعد وزیراعلی عثمان بزدارنے وزیراعلی آفس سے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈیرہ غازی خان میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے دفتر اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کے دفتر شہریوں سے براہ راست رابطے کئے۔وزیراعلی نے ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں واقع خدمت سنٹر میں بھی لوگوں سے رابطہ کیا۔ وزیراعلی نے ان دفاتر میں موجود شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے لئے احکامات دیئے۔ ویڈیو لنک پر شہریوں سے گفتگو میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میں عوام کا نمائندہ ہوں اور آپ سے براہ راست رابطہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا بہترین استعمال کیا جا رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نہ صرف وقت بلکہ وسائل کی بھی بچت ہوتی ہے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی عوام سے اس طرح کے رابطے جاری رکھوں گا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.