میر ریاض شاہوانی کیخلاف درج جھوٹی ایف آئی آر خارج نہ کی گئی تو پیپلزپارٹی کے کارکن بھر پور احتجاج کرینگے، صدر پیپلزپارٹی بلوچستان علی مد دجتک
کوئٹہ( این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما قبائلی شخصیت میر ریاض شاہوانی کے خلاف اغواء برائے تاوان کی جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کارروائیوں سے جیالوں کے حوصلوں کو پست نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اگر میر ریاض شاہوانی کے خلاف درج جھوٹی ایف آئی آر جلد از جلد خارج نہ کی گئی تو پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن بھر پور احتجاج کریں گے، پیپلزپارٹی کو اپنے کارکنان کی حفاظت کرنا آتی ہے۔انہوںنے کہا کہ اس جھوٹی ایف آئی آر کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کرینگے اور جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا کہ یہ جھوٹی ایف آئی آر کس کی فرمائش پر درج کی گئی۔انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا اور پولیس کی ملی بھگت سے جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی ہے میر ریاض شاہوانی کی زاتی زمینوں پر عرصہ دراز سے لینڈ مافیا ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کررہاتھا اور پولیس کی پشت پناہی لینڈ مافیا کو حاصل ہے ان پر اپنے زمینوں کی دفاع اور ناجائز قبضہ رکوانے کی وجہ سے مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اس معاملے پر میر ریاض شاہوانی نے اعلی حکام کو آگا ہ بھی کیا تھا لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی بلکہ الٹا میر ریاض شاہوانی پر ایف آئی آر درج کردی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا متعلقہ حکام پولیس اور لینڈ مافیا کی ملی بھگت کا فی الفور نوٹس لیا جائے اور درج شدہ جھوٹی ایف آئی آر کو جلد از جلد خارج کیا جائے۔