مودی ہٹلر کا دوسرا روپ دھار چکا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کورونا کے پھیلاؤکی آڑ میں مسلمانوں پرظلم ڈھانے سے بازرہے۔تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے بھارتی افواج کی جانب سے کنٹرول لائن پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کورونا کی وبا سے نمٹ رہی ہے اورمودی سرکار نہتے شہریوں پر گولیاں برسا رہی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ کنٹرول لائن کے ساتھ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بھی بربریت کی انتہا کر رکھی ہے،جہاں مودی ہٹلر کا دوسرا روپ دھار چکا ہے۔سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کورونا کے پھیلاؤ کی آڑ میں مسلمانوں پرظلم ڈھانے سے باز رہے،مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام جبر و استبداد کے باوجود ثابت قدم ہیں،ہم مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔