پیشانی پر موجود جھریوں کو دور کرنے میں مددگار آسان طریقے
عمر بڑھنے سے جِلد کی موٹائی گھٹ جاتی ہے اور لچک بھی ختم ہونے لگتی ہے جس سے جھریاں نظر آنے لگتی ہیں۔درمیانی عمر میں چہرے پر جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں اور عموماً ایسا ان حصوں میں ہوتا ہے جو چہرے کے تاثرات کے دوران متحرک رہتے ہیں۔پیشانی پر بھی ایسی لکیریں بن جاتی ہیں جن کو پیشانی کی جھریاں کہا جاتا ہے۔مگر اچھی بات یہ ہے کہ ان جھریوں کو طرز زندگی کی چند عادات سے کم کرنا ممکن ہے۔
ان جھریوں سے بچنے کے چند طریقے درج ذیل ہیں۔
تمباکو نوشی نہ کریں
تمباکو نوشی سے دل، پھیپھڑے اور دیگر اعضا ہی متاثر نہیں ہوتے بلکہ قبل از وقت بڑھاپے اور جھریوں کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تمباکو میں موجود کیمیکلز سے جِلد کی لچک کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ ایک ہارمون کولیگن کی مقدار گھٹ جاتی ہے، جس سے قبل از وقت بڑھاپے اور جھریوں کا سامنا ہوتا ہے۔
تناؤ کو کنٹرول کریں
فکر مند اور تناؤ پیشانی میں جھریوں کی تعداد کو بڑھا دیتے ہیں۔زندگی میں ہر طرح کے تناؤ سے نجات پانا بہت مشکل ہوتا ہے تو ضروری ہے کہ اسے کنٹرول میں رکھا جاسکے۔اس مقصد کے لیے مراقبہ، یوگا کی مشق، گہری سانسیں لینا، خوشبو سونگھنا، مناسب نیند، ڈائری لکھنا اور ورزش کرنے جیسی عادات کو اپنایا جا سکتا ہے، جبکہ آپ ڈاکٹر سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔
سورج سے بچیں
سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں میں بہت زیادہ وقت گزارنے سے قبل از وقت بڑھاپے کے آثار اور جھریاں نمودار ہو جاتے ہیں۔ماہرین کے مطابق روزانہ ایس پی ایف 15 یا اس سے زیادہ نمبر والی سن اسکرین کے استعمال سے جِلد کی عمر کو بڑھنے اور جھریوں کی روک تھام ممکن ہے۔
مزید پڑھیے
مسجد نبویﷺ کی جائے نمازوں میں چھپی چِپ کون سا ڈیٹا جمع کرتی ہے؟
متوازن غذا کا استعمال
جھریوں اور غذا کے درمیان تعلق موجود ہے۔ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ غذا جِلد کی عمر میں اضافے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔محققین کے مطابق وٹامن سی اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کا زیادہ استعمال جِلد کو خشک ہونے سے بچاتا ہے۔وٹامن سی سے جھریوں کی لکیروں کو گہرا ہونے سے روکنے میں بھی مدد ملتی ہے۔اس کے مقابلے میں چکنائی اور کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذا کے استعمال سے جھریوں کا خطرہ بڑھتا ہے۔
پانی کی مناسب مقدار کا استعمال
جسم میں پانی کی کمی سے جِلد خشک ہونے لگتی ہے اور مناسب مقدار میں پانی پینے سے پیشانی پر ابھرنے والی جھریوں کی روک تھام ممکن ہے۔روزانہ 6 سے 8 گلاس پانی پینے کی کوشش کریں، اگر ورزش کرتے ہیں یا سورج میں وقت گزارتے ہیں تو پھر زیادہ پانی پینا چاہیے۔اگر سادہ پانی پسند نہیں تو اس میں لیموں کے عرق کا اضافہ کر سکتے ہیں۔