پاکستان نے بھارتی سائبر حملے ناکام بنا دیے، وزیر آئی ٹی
پاکستان نے بھارتی سائبر حملے ناکام بنا دیے، وزیر آئی ٹی
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی وفاقی وزارتوں پر کیے گئے سائبر حملے کامیابی سے ناکام بنا دیے گئے ہیں۔
انہوں نے ایک بیان میں بتایا کہ ان سائبر حملوں سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی ٹیلی کام سیکٹر پر ان کا کوئی اثر پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس این ٹی سی (نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن) پر ہوسٹ ہیں، جس کے پاس سائبر سیکیورٹی کا مؤثر نظام موجود ہے۔
شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور نیشنل ٹیلکوم اینڈ آئی ٹی سیکیورٹی بورڈ (NTISB) بھی سائبر سیکیورٹی کے سلسلے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جو سائبر سیکیورٹی کے لحاظ سے اعلیٰ درجہ رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں۔