بارشوں کی نوید: یکم مئی سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان
بارشوں کی نوید: یکم مئی سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم مئی سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں 30 اپریل کی شام ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے بعد یکم سے 4 مئی تک اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ ان بارشوں کے ساتھ آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
متاثرہ علاقوں میں آزاد کشمیر، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، جہلم، مانسہرہ، کوہاٹ، پشاور، گلگت بلتستان اور ملحقہ علاقے شامل ہیں۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 30 اپریل سے 4 مئی کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، گجرات، لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ اور میانوالی میں گرد آلود ہوائیں اور بارش متوقع ہیں۔
اسی طرح 2 سے 4 مئی کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔