تیز بارشوں کی پیش گوئی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کردیا
کراچی محکمہ موسمیات کی جانب سے تیزبارشوں کی پیش گوئی کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کردیا، سی اے اے کے محکمہ فائر میں ہائی الرٹ کی واررننگ دی گئی ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث رن وے پر طیاروں کے سلپ ہونے کے امکانات ہوتے ہیں، جس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے محکمہ فائر کے عملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔بارشوں کی پیش گوئی اور ممکنہ طور پرتیز ہواوں کے چلنے کے امکان کے حوالے سے سی اے اے کے جناح ٹرمینل اور ٹرمینل ون پر اقدامات کیے گئے ہیں۔چھوٹے سائز کے فکس ونگ(طیاروں ) اور روٹری ونگ (ہیلی کاپٹرز) کے ساتھ اضافی وزن لگانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ منیجر کی ہدایت دی ہے کہ کچھ طیاروں کو متوقع بارش اور ہواں کی شدت سے بچانے کے لیے محفوظ شلٹرز میں منتقل کیا جائے جبکہ ایئرپورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ طیاروں کی حفاظت کے پیش نظر ہر قسم کے پروسیجر لیے گئے ہیں۔