وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے کی معدنیات کی تلاش وترقی کے عمل میں مقامی آبادی کی شراکت داری خوش آئند امرہے

0 2

مسلم باغ29 نومبر:۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے کی معدنیات کی تلاش وترقی کے عمل میں مقامی آبادی کی شراکت داری خوش آئند امرہے، خاص طور سے کرومائیٹ، کوئلہ اور ماربل کی پیداوار سے ہزاروں افراد کا روزگار منسلک ہے، حکومت مقامی سطح پر معدنیات کے پیداواری شعبہ میں جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بلوچستان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 18کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کئے گئے کرومائیٹ پروسیسنگ یونٹ کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا،

صوبائی وزراء ، علاقے کے عمائدین اور کرومائیٹ کی صنعت سے وابستہ لوگوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، چیئرمین بی ڈی اے میجر (ریٹائرڈ) اکبر لاشاری نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پروسیسنگ پلانٹ سے روزانہ سو ٹن کرومائیٹ پروسس کی جاسکے گی جس سے کرومائیٹ کی پیداوار مقامی سطح پر بھی پراسس کرنے کی بہت بڑی سہولت میسر آئے گی اور کرومائیٹ کے کاروبار سے وابستہ افراد کو فائدہ پہنچے گا جبکہ علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پروسیسنگ پلانٹ کی بہترین دیکھ بھال کے ذریعہ اسے مسلسل فعال رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ پلانٹ کے قیام سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے رحجان کو بھی فروغ ملے گا اور ایسے منصوبے معدنی ذخائر کے دیگر علاقوں میں بھی شروع کئے جائیں گے۔ اس موقع پر علاقے کے عمائدین اور کرومائیٹ کان مالکان نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف کرومائیٹ کی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ علاقے کی معیشت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ قبل ازیں خام کرومائیٹ کو پروسیسنگ کے لئے کراچی بھیجا جاتا تھا اور کرومائیٹ کان مالکان کو ان کی پیداوار کی صحیح قیمت نہیں ملتی تھی تاہم پلانٹ کے قیام سے اس صنعت کو مقامی سطح پر مستحکم بنایا جائے گا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.