پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے ، یہ تاریخی اور دوستانہ تعلق پر استوارہیں ، باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور ایک دوسرے کی مدد سے عبارت ہیں
اسلام آباد وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اوآئی سی وزراخارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ ابراہیم بن عبدالعزیز بن عبداللہ العساف سے ملاقات کی۔ سعودی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ تاریخی اور تزویراتی ہے جو مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔ اپنے سعودی ہم منصب سے اتفاق کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے جو تاریخی اور دوستانہ تعلق پر استوارہیں اور باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور ایک دوسرے کی مدد سے عبارت ہیں۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کے رواں سال کے آغاز پر پاکستان کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسے دوطرفہ تعلقات کا اعلی ترین موقع اور تعلقات کی تزویراتی سمت کا موجب قرار دیا۔دونوں وزراخارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے متعدد موضوعات، دوطرفہ سیاسی تبادلوں، معاشی اور مالیاتی روابط میں تیزی لانے اور پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لئے پیشرفت کے حوالے سے امور پر بات چیت کی۔ دونوں شخصیات نے خطے میں رونما صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے اوآئی سی سربراہ اجلاس اور دیگر مجالس کے انعقاد پر سعودی عرب کو مبارکباد دی اور اس کے کامیاب نتائج کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ وزیر خارجہ نے کلیدی امور پر پاکستان کی پرزور حمایت پر سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی عرب جموں وکشمیر رابطہ گروپ کے متحرک رکن کا کردار ادا کرتا آرہا ہے۔