لاک ڈاؤن کی وجہ سے بیروزگار ہونیوالے بھارتی شہری نے خودکشی کرلی
نئی دہلی : بھارت میں شہری نے طویل لاک ڈاؤن کے باعث بیروزگاری کی وجہ سے خودکشی کرلی۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ ریاست اتر پردیش میں پیش آیا جہاں 50 سالہ شہری نے جمعہ کے روز خودکشی کی اور اس کے ہاتھ سے ایک پرچہ بھی ملا جس میں اس نے اپنی خودکشی کی وجہ بھارت میں طویل لاک ڈاؤن کو بتایا۔بھارتی شہری کے ہاتھ سے ملنے والے پرچے میں تحریر تھا کہ وہ طویل لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے اہلخانہ کی دیکھ بھال نہیں کر پارہا جس وجہ سے اس نے اپنی جان لی۔پرچے میں مزید تحریر تھا کہ اگرچہ میرے گھر میں گندم اور چاول موجود ہے جس پر حکومت کا شکر گزار ہوں لیکن یہ کافی نہیں، میرے پاس دودھ سمیت دیگر بنیادی اشیاء خریدنے کے پیسے نہیں ہیں جب کہ بھارتی شہری نے اپنے پرچے میں ماں کا علاج نہ کرانے پر بھی افسوس کا اظہار کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق شہری کی شناخت 50 سالہ بھانو پرکاش کے نام سے ہوئی جس کی لاش ریلوے ٹریک سے ملی۔بھانو پرکاش مقامی ہوٹل میں کام کرتا تھا، اس کے ورثا میں 4 بچے، بیوی اور ایک بوڑھی ماں ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد سے بھانو پرکاش بیروزگار تھا اور گزشتہ چند روز سے وہ پیسے پیسے کا محتاج ہوگیا تھا۔واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کا طویل ترین لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جس کے باعث پسماندہ علاقے کے لوگ انتہائی غربت بھوک و افلاس کا شکار ہیں اور مردہ جانوروں کا گوشت کھانے پر مجبور ہیں۔اس کے علاوہ بھارت میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد مریض جب کہ ہلاکتیں تقریباً 5 ہزار تک پہنچ گئی ہیں۔