عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،منیرا حمد کاکڑ
نصیرآباد(خ ن )اسسٹنٹ کمشنر چھتر بہادر خان کھوسہ نے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ کی ہدایات کی روشنی میں رورل ہیلتھ سینٹر تحصیل چھتر کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں موجود مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وہاں رکھی گئی ادویات کے اسٹاک، میعاد، دستیابی اور ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے اور ڈاکٹروں کی حاضری رجسٹرڈ چیک کی اور ملازمین کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ اس موقع پر نائب تحصیلدار محمد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے اس لیے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، دیانتداری اور انسانی خدمت کے جذبے سے انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی بروقت فراہمی اور ان کی درست تقسیم کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے تاکہ کسی مریض کو دوا کے بغیر واپس نہ جانا پڑے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ قریب ہے اس دوران عشرہ محرم بالخصوص یوم عاشورہ کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد مجالس اور جلوسوں میں شرکت کرتی ہے لہٰذا اس دوران ایمرجنسی سروسز سمیت طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں، صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں، مریضوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور اگر کسی بھی قسم کی ادویات یا سامان کی کمی درپیش ہو تو فوری رپورٹ کریں تاکہ بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی