بے حس حکومت لواحقین کے احتجاج اور مطالبات پر غور کرنے میں تاخیر کرکے مزید اشتعال پیدا کرنا چاہتی ہے ،ملک سکندر ایڈووکیٹ
کوئٹہ (ویب ڈیسک ) جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر اور بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ رکن صوبائی اسمبلی حاجی عبدالواحد صدیقی رکن صوبائی اسمبلی سید عزیز اللہ آغا جے یوآئی کوئٹہ کے سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑنے شہدائے مانگی ڈیم زیارت کے احتجاجی کیمپ میں لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے
ہوئے کہا کہ بے حس حکومت لواحقین کے احتجاج اور مطالبات پر غور کرنے میں تاخیر کرکے مزید اشتعال پیدا کرنا چاہتی ہے فرزندان زیارت کی لاشیں نااہل اور بے حس حکومت سے انصاف مانگ رہی ہیں مگر وزیراعلی اور ذمہ دار حلقوں کو یہ توفیق نہیں ہورہی ہے کہ لواحقین کی اشک شوئی کرے انہوں نے کہا کہ شہداء کو انصاف فراہم کرکے لواحقین کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے،
انہوں نے کہا کہ نااہل صوبائی حکومت کی غفلت کے باعث جنگل کا قانون رائج ہے امن وامان کی دگرگوں صورت حال نے عوام کو مایوس کرکے رکھ دیا ہے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد غیر اطمینان کی زندگی گزار رہے ہیں حکومت صرف زبانی دعووں سے کام لے رہی ہے دوسری جانب چوری ڈکیتی اغواء برائے تاوان کا بازار گرم ہے جو ایک ناکام حکومت کی نشاندہی کرتی ہے اور یہ تمام بلندو بانگ دعووں کی نفی ہے کہ حکومت میں شامل جماعتوں کے افراد بھی اغواء اور قتل ہورہے ہیں جبکہ بے حس حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ جب سے یہ سلیکٹڈڈ حکومت آئی ہے ہر حوالے سے عوام کو اذیت میں مبتلا کئیے رکھا ہے مہنگائی بے روزگاری اور امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک حالت میں ہے دوسری جانب جمہوری قوتوں کا راستہ روکنے کے لیے قسم قسم ہتھکنڈوں استعمال کئیے جارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے