کارکنوں کی تحقیر کرنے والے طاغوتی سیاست کے علمبردار ہیں، مولانا محمد شیرانی

0 151

جے یو آئی پاکستان کے مرکزی قائد مولانا محمد خان شیرانی نے کہاہے کہ موجودہ سیاسی لیڈروں کا المیہ یہ ہے کہ وہ اپنی ذات کے بارے میں حقیقت پسند اور عملیت پسند ہوتے ہیں جبکہ کارکنوں کو نظریات کے نام پر خیالی مقاصد اور حقیقت سے دور اہداف کے تعاقب میں مصروف رکھتے ہیں اس دوغلاپن کیلئے ضروری ہوتاہے کہ عام کارکنوں کو شعور و بصیرت سے عاری اور اندھے جزبات کا خوگر بنایا جائے انہوں نے کہا ہے کہ اسلام ہر انسان سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ زندگی کے ہر انفرادی عمل اور اجتماعی معاملے میں عقل و فہم سے استفادہ کرے تدبر اور معقولیت کے بغیر معاملات میں کودپڑنا چارپایوں کی خصوصیت ہے اس وجہ سے جو لوگ اجتماعی اور جماعتی امور میں سوچے سمجھے بغیر پیروی کرتے ہیں انہیں پھر بھیڑ بکریوں کی طرح ہانکا جاتاہے بے مقصد سرگرمیوں میں مشغول ہونا بجائے خود عقل کے استعمال کے خدائی حکم سے روگردانی کی سزا ہے اس لئے کہ اسلام میں صرف دھوکہ اور خیانت کرنے والے ہی مجرم نہیں ہیں بلکہ اپنی مرضی سے مسلسل فریب کھانے والے لوگوں کو بھی اپنے کئے کرائے کا نہ تو اس دنیا میں کوئی انعام ملتاہے اور نہ ہی وہ اپنے آپ کیلئے آخرت کی جنت کما رہے ہوتے ہیں انہوں نے کہاہے کہ خدا پرستی کی سیاست میں عام اور معمولی لوگوں میں وقار وجاہت اور معاملہ فہمی کی صلاحیت پیدا کی جاتی ہے جبکہ طاغوتی سیاست میں اپنے پیروکاروں کو ذلت کا عادی بناکر انہیں جاہل اور غافل رکھا جاتاہے کارکنوں کی تحقیر کرنے والے طاغوتی سیاست کے علمبردار ہیں اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ کسی بھی خیر اور بھلائی کا راستہ ذلت سے ہوکر نہیں گزرتا اس لئے تمام کارکنوں کو چاہیے کہ ٹھنڈے دل و دماغ کے ساتھ حالات پر غورو فکر کے بعد اپنی صلاحیتوں کے استعمال سے متعلق فیصلہ کریں

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.