بلوچستان کاپر گولڈ پروجیکٹ کے سینئر کوئرڈینیٹر رحمت اللہ بلوچ کا ایک وفد کے ہمراہ جامعہ بلوچستان کا دورہ
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کاپر گولڈ پروجیکٹ کے سینئر کوئرڈینیٹر رحمت اللہ بلوچ نے ایک وفد کے ہمراہ جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد انور پانیزئی سے انکے چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر جامعہ کے پرووائس چانسلرز ڈاکٹر محمد عالم مینگل، ڈاکٹر سعود تاج، جیند خان جمالدینی، جامعہ کے رجسٹرار ولی الرحمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اس دوران جامعہ بلوچستان کے تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں، صوبے کے معدنی زخائر، مشترکہ طور پر تجرباتی و تحقیقی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیااور انہیںبتایا گیا کہ جامعہ بلوچستان منرالوجی و جیالوجی سمیت مختلف شعبہ جات میں صوبے کے طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع مہیا کررہی ہے اور ہر سال بڑی تعداد میں طلباء و طالبات فارغ التحصیل ہو کر انہی شعبہ جات میں اپنے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اور مستقبل میں کاپر گولڈ پروجیکٹ اور صوبے کے دیگر معدنی وسائل پر مشترکہ طور پر تحقیقی و تجرباتی کاوشوں کو بروء کار لائی جائیں گی۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر کاپر اینڈ گولڈ پروجیکٹ کے سینئر کورڈینیٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مستقبل میں جامعہ کے ساتھ مختلف منصوبوں اور جامعہ کے طلبہ کوتربیتی ، تجرباتی مواقع سمیت مختلف پروجیکٹ میں یکجاں کام کرنے کے لئے اہم مواقع مہیا کئے۔ اور کہا کہ صوبہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ایک اہم صوبہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان قدرتی وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے ملک و صوبے کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ اور جامعہ کے معققین کے تحقیقی مواد کو بروء کار لاتے ہوئے ان منصوبوں میں بہتر سے بہتر ین نتائج اخذ کئے جاسکتے ہیں اور صوبے کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیداکئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان کئی دہائیوں سے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دے رہی ہے۔ اور صوبے کے مختلف اداروں کے ساتھ مشترکہ طور پر مختلف منصوبوں کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ اور یقیناََ کاپر گولڈ پروجیکٹ کے ساتھ تجرباتی اقدامات سے صوبے کے طلبہ کے تعلیمی و تحقیقی استعداد میں اضافہ سمیت روزگار کے مواقعوں کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ بعدازاں سینئر کوئرڈینٹر کو جامعہ کے سینٹر آف ایکسیلنس اینڈ منرالوجی، شعبہ جیالوجی اور دیگر شعبوں کے لیبزو، لیبارٹریز کا معائنہ کرایا گیا۔ وفد نے جامعہ بلوچستان کے تعلیمی ، تحقیقی سرگرمیوں کو صوبے کے لئے اہمیت کا حامل کرار دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے ساتھ مختلف پروجیکٹس میں مشترکہ طور پر تعاون و اشتراک عمل مستقبل کے لئے اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔ اور اس حوالے سے جامعہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گااور جامعہ کی رہنمائی و تجرباتی عمل کو صوبے کے وسائل کو بروء کار لاتے ہوئے ترقی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے وائس چانسلر کے کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں وائس چانسلر نے مہمانان کو جامعہ کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کئے۔