عمران صاحب انکوائری رپورٹ کا انتظار نہ کریں گندم اور آٹے میں لوٹ مار کے حقائق حاضر ہے ، مریم اور نگزیب
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے گندم اور آٹے کے بحران پر وزیراعظم عمران خان کیلئے حقائق نامہ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران صاحب انکوائری رپورٹ کا انتظار نہ کریں گندم اور آٹے میں لوٹ مار کے حقائق حاضر ہے ،گندم کی پیداوار 20 فیصد بڑھا چڑھا کر دکھائی گئی تاکہ اس ایکسپورٹ سے چند لوگ جیبیں بھر لیں۔ ایک بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ مفادپرستوں نے 150 ڈالر فی ٹن سبسڈی بھی وفاقی حکومت سے ہتھیاکر مزید ظلم کیا ۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب میں بعض بدنام زمانہ کرپٹ فلوملز، محکمہ خوراک اور ’اے ٹی ایمز‘ کی ملی بھگت سے یہ ڈاکہ ڈالاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ ملی بھگت کے نتیجے میں افغانستان اور وسط ایشیاء کو غیرقانونی طورپر گندم بھجوائی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ ڈاکے کی اس واردات کے لئے محکمہ خوراک میں اس مدت کے لئے خاص سیکریٹری کی تعیناتی کرائی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ وسیم اکرم پلس کو ایک فلورمل چیک کرنے کی توفیق ہوئی نہ ہی یہ معلوم کیا کہ آٹا مقامی مارکیٹ میں فراہم ہورہا ہے یا گندم باہر بھیجی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ انسانی ضرورت کا جائزہ لئے بغیر ہی فیڈملوں کو جانوروں کی خوراک کے لئے گندم خریدنے کی اجازت دے دی گئی،’اے ٹی ایمز‘ نے بڑی مقدار میں گندم ذخیرہ کی ہوئی تھی۔ انہوںنے کہاکہ ’اے ٹی ایمز‘ کی پسند کی آٹاملوںکے گودام گندم سے بھری ہوئی تھی تاکہ قیمت زیادہ ہونے پر قوم کو لوٹ سکیں ۔ انہوںنے کہاکہ ’اے ٹی ایمز‘ نے گندم کی برآمد اور سبسڈی سے دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کی ،پہلی مرتبہ سیزن میں اور گنے کی پیداوار زیادہ ہونے کے باوجود چینی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب سچ یہ ہے کہ آپ صرف سیاسی مخالفین پر جھوٹے الزامات لگاسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب اگر جرات ہے تو کریں انکوائری جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ،عمران صاحب اگر جرات ہے تو بتائیں عوام کو کہ آٹے اور چینی کا بحران جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو فائدہ دینے کے لئے پیدا کیا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب آپ کے یو ٹرن ، نااہلی اور نالائقی آپ کی پہچان بن چکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب حکومت چلانا اور عوام کی خدمت آپ کے بس کی بات نہیں،’جب مکار ، کھلنڈرے اور چور ملک کے مالک بن جائیں گے تو ملک تباہ ہی ہوگا۔