“چین، سرمائی اولمپکس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا”

1 216

“چین، سرمائی اولمپکس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا”
تحریر: ارفع فیصل

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں افتتاحی تقریب کے بعد صدر شی جنگ پن نے سرمائی اولمپکس کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کردیا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ کے برڈز نیسٹ اسٹیڈیم میں سرمائی اولمپکس کی تقریبات کا افتتاح کیا، تقریب میں خصوصی طور پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر پیوٹن سمیت 20 سے زائد عالمی سربراہان نے شرکت کی۔ بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں 3 ہزار پرفارمرز نے حصہ لیا۔

سرمائی اولمپکس کے مقابلے 4 سے 20 فروری 2022 تک جاری رہیں گے۔ ان مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں آتشبازی کا خوبصورت مظاہرہ تو دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا اسکے ساتھ ساتھ رنگا رنگ مختلف ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے جس میں فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپورمظاہرہ کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ اسٹیڈیم میں جدید آلات کی مدد سے خوبصورت گرافکس سکرین بھی نصب کی گئیں تھیں۔

“مغربی ممالک میں اب بھی کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن چین واحد ملک ہے جس نے اسے کنٹرول کرنے میں بہت اچھا کام کیا ہے”

وزیراعظم عمران خان کے ساتھ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ساتھ شریک تھے۔ پاکستانی دستے کی آمد پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا، پاکستانی دستے میں ایک ایتھلیٹ اور پانچ آفیشلز شامل ہیں۔ پاکستانی ایتھلیٹ محمد کریم الپائن سکیئنگ کے مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں پاکستانی دستے کی ویڈیو بھی پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’درجنوں ٹیمیں آئیں لیکن سٹیڈیم میں چین کے بعد کسی ٹیم کے لیے تالیاں بجیں تو وہ پاکستانی ٹیم تھی۔‘ عام چینی پاکستان سے محبت کرتا ہے اور یہ تالیاں اسی جذبے کا اظہار ہیں۔

“چین کے شہر بیجنگ میں مقیم غیر ملکی مبصرین اور کھلاڑی کوویڈ- 19 کی وبا کے باوجود پر اعتماد نظر آئے۔ چین کی حکومت کوویڈ-19 کے خلاف زبردست کام کر رہی ہے۔”

امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، لتھوینیا، کوسوو، بیلجیئم، ڈینمارک اور اسٹونیا کے ساتھ ساتھ بھارت نے بھی ان مقابلوں کا سفارتی بائیکاٹ کیا ہے۔ بھارت کی جانب سے ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ سرمائی اولمپکس کی مشعل جلانے والا ایک ریٹائرڈ چینی فوجی ہے۔

روسی صدر پیوٹن کا یہ سال کا پہلا بیرون ملک کا دورہ ہے اور وہ بظاہر چینی صدر سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔ یہ چینی صدر کی کسی بھی بین الاقوامی رہنما سے پہلی ان پرسن ملاقات ہے۔

بیجنگ 2022 وہ دوسرا اولمپکس ہے جو عالمی وبا کے دوران منعقد ہو رہا ہے۔ اس سے قبل گذشتہ برس موسمِ گرما میں جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس میں بھی سخت کووڈ پروٹوکول نافذ کیے گئے تھے۔

ان تمام کھیلوں میں شرکت کرنے والوں کو جن میں ایتھلیٹ اور رضاکار شامل ہیں، سب کے روزانہ پی سی آر ٹیسٹ کروائے جارہے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ اولپمکس کے دوران چہروں پر ماسک پہننا ہر وقت لازمی ہو گا، سوائے ٹریننگ، کھیل کے دوران، کمروں میں اور کھانے پینے کے دوران۔

“چین دلیری سے کوویڈ 19 کا مقابلہ کر رہا ہے اور جب دنیا خوف میں مبتلا ہے چین نے صحت مندانہ اقدام اٹھاتے ہوئے بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کا اہتمام کیا”

چین کے شہر بیجنگ میں مقیم غیر ملکی مبصرین اور کھلاڑی کوویڈ- 19 کی وبا کے باوجود پر اعتماد نظر آئے۔ چین کی حکومت کوویڈ-19 کے خلاف زبردست کام کر رہی ہے۔ ہوٹلنگ اور رئیل سٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ چین ان کی امیدوں کی سرزمین ہے۔

اگرچہ کوویڈ-19 کی حالیہ لہر کی وجہ سے دنیا بھر میں اکثر ممالک کو ہوٹلز بند کرنا پڑے ہیں لیکن وہ پرامید ہیں۔ ان ممالک کا کہنا ہے کہ یہ ایک بڑا نقصان ہے، لیکن صرف عارضی ہے، موجودہ مشکلات سے نمٹنے کے لیے سخت انتظامات ضروری ہیں جبکہ چین ایسے حالات میں بھی دلیری سے کوویڈ 19 کا مقابلہ کر رہا ہے اور جب دنیا خوف میں مبتلا ہے چین نے صحت مندانہ اقدام اٹھاتے ہوئے بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کا اہتمام کیا ہے۔

پچھلے دو سالوں میں دنیا میں کورونا کی وبا قابو میں نہیں رہی کیونکہ بہت سے مغربی ممالک میں اب بھی کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن چین واحد ملک ہے جس نے اسے کنٹرول کرنے میں بہت اچھا کام کیا ہے۔

سرمائی اولپمکس کی افتتاحی تقریب میں شریک کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں یہاں کسی قسم کی گھبراہٹ محسوس نہیں ہورہی کیونکہ چین نے وائرس سے نمٹنے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔ ہمیں مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی ہے اور باقاعدگی سے ٹیسٹ بھی لیے جا رہے ہیں۔

سرمائی اولمپکس میں عوام کی شرکت کو دیکھتے ہوئے لوگوں کے اندر موسم سرما کے کھیلوں کے بارے میں پائے جانے والا شوق محسوس کیا جا سکتا ہے۔ چین کی یونیورسٹیوں نے سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل کھیلوں کے بارے میں پروگرام منعقد کیے تھے تاکہ بین الاقوامی طلباو طالبات کو بھی برف پر سائیکل چلانے اور آئس سلیج ریسنگ سمیت کھیلوں کے ذریعے برف اور اس کی دلکشی کا تجربہ ہوسکے۔ تمام سرمائی تفریحی کھیلوں میں سے، لوگوں کو برف کی ٹیوب پر پھسلنا سب سے زیادہ پسند ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھی کورونا وبا کے دوران بیجنگ سرمائی اولمپکس کے انعقاد کے لیے چین کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی تقریبات عالمی وبا کی وجہ سے پوری دنیا میں متاثر ہوئی ہیں، اس دوران بیجنگ سرمائی اولمپک کھیلوں کا کامیابی کے ساتھ انعقاد، چین کی عظیم کوششیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی زندگی کے تقریباً 20 سال تک میں ایک بین الاقوامی کھلاڑی رہا ہوں، میں (بیجنگ 2022) کے انعقاد سے خوش ہوں۔ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات سے قطع نظر، ایک سپورٹس مین کے طور پر یہ میرے لیے باعث دلچسپی ہے کہ میں یہ مقابلے ہوتے دیکھوں۔

“پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات ہیں، دونوں ملک اچھے پڑوسی ہیں اور ہمیشہ ضرورت کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان”

عمران خان نے سرمائی کھیلوں سمیت کھیلوں میں چین کی نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو یا تین اولمپکس کے دوران چین کی کارکردگی بہت متاثر کن رہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین کھیلوں اور فٹنس کے فروغ کے لیے بہت زیادہ کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کچھ علاقے اسکیئنگ کے لیے مثالی ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں تعاون، روابط اور باہمی عمل کو آگے بڑھانے کی توقع رکھتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مقامی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات ہیں، دونوں ملک اچھے پڑوسی ہیں اور ہمیشہ ضرورت کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران یہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ سی پیک کے اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے مرحلے کے دوران پاکستان چین کے ساتھ کھیلوں کے ساتھ ساتھ صنعتی علاقوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں بھی اپنے تعاون کو مزید گہرا کرنے کی توقع رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے آمدہ چینی قمری نئے سال پر بھی اپنی مبارکباد پیش کی اور دونوں ملکوں کے مابین نئے سال کے دوران ہرایک کی جیت پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

پاکستان کے صدر مملکت عارف علوی نے بھی بیجنگ سرمائی اولمپکس کے انعقاد پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز “بہت کامیاب” ہوں گی، پاکستان کھیلوں کے اس شاندار تقریب میں جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کررہا ہے۔

“کھیلوں کو سیاست زدہ کرنا بلاجواز اور پریشان کن بات ہے، صدر عارف علوی”

صدرعارف علوی نے ان خیالات کا اظہار چینی میڈیا کو دئے گئے ایک انٹرویو میں کیا، انہوں نے چین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوویڈ-19 کی وبا کے دوران ان کھیلوں کا انعقاد چین کے مؤثر اور کامیاب طرز حکمرانی کا اظہار ہے کہ وہ یہ کر سکتے ہیں۔ صدر علوی کا مزید کہنا تھا کہ وہ چینی حکومت اور چینی عوام کو سرمائی کھیلوں کے انعقاد کی کو ششوں پر مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ سے یہ سیکھا جا سکتا ہے کہ کھیلوں اور اولمپکس نے لوگوں کے درمیان تعاون کو فروغ اور قوموں کو متحد کیا ہے اور ان کھیلوں میں حصہ لینے والے نوجوان میزبان ملک کی یادیں اپنے ممالک میں واپس بھی لا سکتے ہیں۔

“عالمی وبا کے دوران کھیلوں کا انعقاد چین کے مؤثر اور کامیاب طرز حکمرانی کا اظہار ہے، عارف علوی”

کھیلوں کو سیاست زدہ کرنے کو بلاجواز اور پریشان کن قرار دیتے ہوئے صدرعارف علوی نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش ناکام ہوجائیں گی۔ پاک چین تعلقات کی ترقی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری مضبوط ہوئی ہے اور دوطرفہ تعلقات دنیا کی تمام اقوام کے درمیان دوستی اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے ایک نمونہ بن چکے ہیں۔

You might also like
1 Comment
  1. […] صدرعارف علوی کا آرمی چیف سے ٹیلی فون پر رابطہ، بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداءکیلئے اظہار افسوس […]

Leave A Reply

Your email address will not be published.