چین سی پیک کے تحت سماجی ترقی کے لئے ایک ارب ڈالر گرانٹ دے گا
اسلام آ با د وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و شماریات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ چین سی پیک کے تحت سماجی ترقی کے لئے ایک ارب ڈالر گرانٹ دے گا، کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون ریلوے منصوبے پر وزیر ریلوے کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، رواں ماہ مغروبی روٹ کے بڑے منصوبے شروع ہو جائیں گے، سی پیک بزنس فورم کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، سی پیک کے تحت 28 ارب ڈالر کے منصوبوں پر کام جاری ہے، سکھر تا حیدر آباد موٹروے اگلے چھ سے آٹھ ماہ تک کام شروع ہو جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کابینہ کمیٹی سی پیک کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چین سی پیک کے تحت سماجی شعبے کی ترقی کے لئے ایک ارب ڈالر گرانٹ دے گا، گرانٹ سے صوبوں میں پسماندہ علاقوں، تعلیم، صحت، پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی سمیت ووکیشنل ٹریننگ کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون ریلوے منصوبے پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے،وہ اس کا جائزہ لے گا، انہوں نے کہا کہ سکھرتاحیدر آباد موٹروے اگلے چھ سے آٹھ ماہ تک کام شروع ہو جائے گا، رواں ماہ سی پیک کے مغربی روٹ کے بڑے منصوبے شروع ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت زراعت اور اس کی مارکیٹنگ کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت صنعتی تعاون سے برآمدات میں اضافہ ہو گا، سی پیک بزنس فورم کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، بزنس فورم میں چیمبرز سمیت مختلف ادارے شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، رشکئی خصوصی اقتصادی زون کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا کوئی فنڈ کسی اور شعبے کو منتقل نہیں کیا، سی پیک کے تحت 28 ارب ڈالر کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت پر رواں ماہ جوائنٹ ورکنگ کا اجلاس ہو گا، زرعی مصنوعات دنیا بھر کو برآمد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسی انڈسٹری لگا رہی ہے جن سے چھوٹے کاشتکاروں کو فائدہ ہو اور ترقی کے ثمرات سب کو حاصل ہوں، برآمدات کو بڑھائیں گے اور درآمدات کو کم کریں گے۔ قبل از یں اجلاس میں وفاقی وزرا اور مختلف وزارتوں کے سیکرٹریز نے شر کت کی،اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ چین کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا