امید ہے کہ ملک میں انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنا اور صاف و شفاف انتخابات کروانا ہماری ترجیح ہے ، مزاحمت کا اگر صوبے کی بہتری کے لئے بات کرنا چاہیں تو ہم ان سے بات کریں گے ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کی شب نگراں وزیراعلیٰ کا حلف لینے کے بعد گورنر ہاﺅس میں میڈیا سے بات چیت کرتے
ہوئے کہی ۔ میر علی مردان ڈومکی نے کہا کہ الیکشن کروانااور انکی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے ہم صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ملک میں انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ہم صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جو وقت ملا ہے کوشش ہے اس میں بہتر انداز میں معاملات کو
چلائیں گے امن و امان کو بہتر اور آن گوئننگ اسکیمات کو بھی چلائیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مزاحمت کار اگر بات چیت اور بلوچستان کی بہتری میں کردار ادا کرنا چاہیں تو ان سے بات چیت کریں گے اگر وہ واپس آنا چاہتے ہیں تو وہ آئیں اور صوبے کی بہتری کے لئے کام کریں ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ عدالت میں ہے جبکہ مردم شماری دوبارہ کرنے کا فیصلہ بھی آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وڈھ کے حالات کے حوالے سے دفتر سنبھالنے کے بعد معاملات کو دیکھونگا ۔