کوئٹہ: گرفتار پروفیسر خودکش حملے کی تیاری میں مصروف تھا، سکیورٹی حکام
سکیورٹی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ کوئٹہ سے گرفتار ہونے والا پروفیسر عثمان قاضی 14 اگست کی رات خودکش حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق ملزم گزشتہ پانچ برس سے کالعدم تنظیم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سے وابستہ تھا اور طلبہ کو شدت پسندی کی طرف راغب کرنے میں سرگرم کردار ادا کرتا رہا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق عثمان قاضی نے کلاس روم کو دہشتگرد نظریات پھیلانے کے لیے استعمال کیا۔ وہ ریاستی وظائف پر تعلیم حاصل کرنے کے بعد گریڈ 19 میں ملازم تھا۔ حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار پروفیسر نے نہ صرف سکیورٹی اہلکاروں کی ریکی کی بلکہ مطلوب دہشتگرد “شیر دل” کو پناہ بھی فراہم کی۔
سکیورٹی اداروں نے اس انکشاف کو جشن آزادی کے موقع پر بڑے سانحے سے بچاؤ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔