فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی۔
اسلام آباد۔۔۔پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی ہے جس میں انھوں نے چین کی پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا ہے۔
یاد رہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی ان دنوں پاکستان کے دورے پر موجود ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی خودمختاری اور ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے مستقل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور ملاقات کے دوران خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم پر بات چیت ہوئی۔
واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔
اس سے قبل چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے منگل کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور اس کے بعد وہ پاکستان آئے تھے۔
وانگ ژی نے اسلام آباد میں اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار کے ساتھ جمعرات کو مشترکہ پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ چین کی انڈیا کے ساتھ شراکت داری کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہے اور نہ ہی کسی دوسرے ملک پر اس کا اثر پڑے گا۔