کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

0 29

کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ، جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آلخلیفہ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں سربراہان نے پائیدار دفاعی تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشترکہ تربیتی اقدامات اور ہوا بازی کی صنعت میں ہر ممکن تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں پاک فضائیہ کی جانب سے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے جاری مختلف منصوبوں سمیت اسکے تربیتی شعبے کی تشکیل نو اور جدید تکنیکی صلاحیتوں کے اشتراک کے ذریعے حاصل کردہ پیشرفت سے  متعلق آگاہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا  کہ ان تزویراتی اقدامات سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور ملٹی ڈومین وارفیئر کے شعبے میں اسکی تکنیکی برتری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ ائیر چیف نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین دیرینہ مذہبی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو دونوں ممالک کی افواج کے مابین بے مثال دفاعی تعاون کا مظہر ہیں. مزید برآں انہوں نے دوطرفہ دفاعی تعاون بالخصوص تربیت، مشترکہ فضائی مشقوں اور تبادلہ علم  کےلیئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ملاقات میں جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے بھارت کے خلاف حالیہ تنازع کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی پر سربراہ پاک فضائیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسکے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور غیر معمولی حوصلہ مندی کی تعریف کی۔ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے تربیتی شعبے میں تعاون کے فروغ کی اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کرتے ہوئے فضائی مشقوں کےانعقاد کے ذریعے مشترکہ تربیت کی اہمیت پر گفتگو کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے ساتھ دوطرفہ تربیتی مشقوں اور مشترکہ منصوبوں میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات باہمی ترقی اور مشترکہ آپریشنل تجربات کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کریں گے۔ اس دورے نے بھائی چارے اور دفاعی شراکت داری کے پائیدار تعلق کو مزید وسعت بخشی جس کے دوران معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی خودانحصاری مہم کی تعریف کرتے ہوئے علاقائی سطح پر طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کی اس کی قیادت کی بھرپور کوششوں کو سراہا. دونوں معززین نے اس بات پر بھی باہمی اتفاق کیا کہ باہمی مذاکرات کے آئندہ دور کے سلسلے میں بحرین ایئر فورس کے کمانڈر مستقبل قریب میں پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

سربراہ پاک فضائیہ اور کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کے مابین ہونے والی یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کو وسعت دینے اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی کے چیلینجز کے تناظر میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید تقویت دینے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.