چیئرمین سینیٹ کا پی ٹی آئی ارکان کے استعفے مؤخر کرنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹرز کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینے کے اعلان کے بعد چیئرمین سینیٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال یہ استعفے منظور نہیں کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے سینیٹ سیکرٹریٹ کو باضابطہ ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے طے کیا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کی غیر موجودگی کے باوجود قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس معمول کے مطابق چلیں گے۔ استعفوں کی حتمی منظوری تک پی ٹی آئی سینیٹرز کمیٹی چیئرمین کی حیثیت سے اپنی مراعات اور عہدے برقرار رکھیں گے، جبکہ اجلاسوں کی صدارت اپوزیشن کے کنوینئرز سنبھالیں گے تاکہ پارلیمانی کارروائی متاثر نہ ہو۔
مزید بتایا گیا کہ چیئرمین سینیٹ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت سے براہِ راست مشاورت کے بعد ہی حتمی فیصلہ کریں گے۔ دوسری جانب حکومت نے اپنے سینیٹرز کو ہدایت دی ہے کہ کمیٹی اجلاسوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں تاکہ اپوزیشن کی غیر موجودگی میں بھی قانون سازی اور پالیسی امور پر کام جاری رہے۔