کوہستان مالیاتی اسکینڈل کے 4 ملزمان پلی بارگین کے تحت رقم واپس دینے پر تیار
کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں نامزد 4 ملزمان نے پلی بارگین کی درخواستیں دائر کر دیں۔
نیب ذرائع کے مطابق کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں نامزد چار ملزمان نے پلی بارگین کی درخواستیں احتساب عدالت میں دائر کی ہیں۔ درخواستیں دینے والوں میں سی این ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ کلرک قیصر اور تین بے نامی دار شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بے نامی داروں میں قیصر کی اہلیہ اور 2 دیگر ملزمان شامل ہیں۔ ملزمان نیب کے ساتھ پلی بارگین کے لیے تیار ہیں۔ ملزمان کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے ذمے واجب الادا رقم نیب کو دینے کے لیے تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب ملزمان کے ذمے واجب رقم اور اثاثوں کی جانچ پڑتال کرے گا۔ چانچ پڑتال کے بعد چیئرمین نیب منظوری دیں گے تو پھر پلی بارگین کی جائے گی۔
نیب کا کہنا ہے کہ ملزم قیصر اپرکوہستان اسکینڈل کے مرکزی ملزمان میں شامل ہے۔ کوہستان اسکینڈل میں ترقیاتی اسکیموں کے نام پر 40 ارب روپے نکالے گئے ہیں۔ ترقیاتی اسکیمیں گراؤنڈ پر موجود نہیں جب کہ پیسے نکالے گئے ہیں۔
ملزم نے اپنے نام، اپنی اہلیہ اور دیگر رشتے داروں کے نام منقولہ اور غیر منقولہ اربوں کے اثاثے بنائے ہیں۔ ملزم اپنے بے نامی داروں کے ساتھ پلی بارگین کے لیے تیار ہے۔