ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ

0 4

ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سرکاری نرخ 177 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود، ریٹیل مارکیٹ میں چینی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہے۔

کراچی میں چینی کی سرکاری قیمت 177 روپے فی کلو ہے، لیکن ریٹیل مارکیٹ میں 185 روپے اور ہول سیل سطح پر 180 روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے۔

حیدرآباد میں بھی چینی کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ چند روز میں فی کلو چینی 5 روپے مہنگی ہو گئی ہے، اور اب عام دکانوں پر 185 سے 190 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں 50 کلو بوری 9150 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس میں 100 روپے فی بوری اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پشاور میں بھی چینی کے نرخوں میں 10 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ اب چینی کی فی کلو قیمت 200 سے بڑھ کر 210 روپے ہو گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں 50 کلو بوری کی قیمت 9500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

فیصل آباد میں چینی 20 سے 30 روپے فی کلو مہنگی ہو گئی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں نرخ 177 سے بڑھ کر 180 روپے فی کلو ہو گئے ہیں، جب کہ ریٹیل سطح پر 200 سے 210 روپے فی کلو تک فروخت جاری ہے۔

ملتان میں بھی چینی کی قیمت میں حالیہ دنوں میں 20 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ اگرچہ سرکاری نرخ 177 روپے فی کلو مقرر ہیں، مگر بازار میں چینی 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ فراہمی میں کمی اور ذخیرہ اندوزی کے باعث ہے، جب کہ حکومتی نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.