کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف پوری قوم یکجا ہے،جمال شاہ کاکڑ

0 3

کوئٹہ(یو این اے )پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر کے مظلوم عوام گزشتہ 77 برسوں سے بھارتی ریاستی جبر، ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ بھارتی فوج نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز، گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کے ذریعے ظلم کی انتہا کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھی، جس نے کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کو سلب کر لیا۔ دنیا کی آنکھوں کے سامنے بھارتی افواج کے ہاتھوں ہزاروں معصوم کشمیری شہید ہو چکے ہیں، مگر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک اور غیر منصفانہ ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم پاکستان اور وفاقی حکومت نے عالمی سطح پر کشمیریوں کا مقدمہ موثر انداز میں اجاگر کیا ہے اور ہم اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی طاقتیں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔جمال شاہ کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی تک ہماری اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رہے گی۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.