بلوچستان میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جا رہے ہیں،فرح عظیم شاہ
کوئٹہ(ویب ڈیسک )ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے, تعلیم صحت اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اس طرح کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی. ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اب ہیلتھ کارڈ ایک سال کی بجائے تین سال کیلئے جاری کیا جائے گا ہیلتھ کارڈ پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے رواں مالی سال صحت کارڈ کی مد میں 5 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے. ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جا رہے ہیں 34 ویں قومی کھیلوں کا انعقاد کوئٹہ میں کروانے جا رہے ہیں جس کیلئے تیاریاں آخری مراحل میں ہیں صوبائی حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بلوچستان کے کھلاڑی پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں. انہوں نے مذید کہا کہ صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں صوبے کے نوجوان باصلاحیت ہیں ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے. انہوں نے شاہزیب رند کی امریکہ میں کراٹے کمبیٹ لیگ جیتنے پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی. ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیل اور کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے جس سے صوبے کا مثبت امیج دنیا کے سامنے آ رہا ہے. وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی کاوشوں سے کھیل اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری آرہی ہے. وزیر اعلی بلوچستان نے تعلیم کے فروغ اور معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں ان کے تعلیم دوست وژن کو عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے. حال ہی میں ضلع کیچ اور آواران کے انٹرن اساتذہ کی مستقلی کی منظوری دی گئی ہے اور ساتھ ہی انٹرن اساتذہ کو باقاعدہ ٹریننگ دینے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں. صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے ہر دم کوشاں ہے اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان میں تعلیم عام کی جائے گی کیونکہ حصول علم سے ہی ترقی و خوشحالی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں۔