کشمیرتکمیل پاکستان کا نا مکمل ایجنڈا ہے، آخری سانس تک لڑیں گے،آرمی چیف

0 214

راولپنڈی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر کو تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیرکوکبھی بھی حالات کے رحم وکرم پرتنہا نہیں چھوڑے گا،قیام پاکستان سے لے کر بقا پاکستان کا سفر ہمارے شہدا کی قربانیوں سے سجا ہوا ہے،کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں،نہتے اور مظلوم کشمیریوں پرظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، خطے میں پاکستان کا کردارمثبت رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن وسلامتی پر زور دیا ہے، افغانستان میں امن واستحکام کے خواہاں ہے، زندہ قومیں اپنے شہیدوں پر ناز کرتی ہیں، پاکستان ایک زندہ اور تابندہ قوم ہے، مادروطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور نہ آئندہ کریں گے۔ جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ یوم دفاع و شہدا کی تقریب سے خطاب میرے لیے باعث فخرہے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا خون شامل ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں نہ ہی جائیں گی۔آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل تھی لیکن ہم اس میں کامیاب ہوئے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے آج پاکستان میں امن کی فضا ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں بھرپو راندازمیں ادا کی ہیں، اب دنیا کی باری ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو پھیلنے نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اب ہماری جنگ غربت، معاشی پسماندگی اور بے روزگاری کے خلاف ہے، چاہتے ہیں ہمارے شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔آرمی چیف نے کہا کہ کشمیرتکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیرنامکمل ایجنڈا اس وقت تک رہے گا جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ کرلیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی جاری ہے، نہتے اور مظلوم کشمیریوں پرظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ خطے میں پاکستان کا کردارمثبت رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن وسلامتی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن واستحکام کے خواہاں ہے، موجودہ افغان مصالحتی عمل میں بھی پاکستان کا بھرپورکر دار شامل ہے۔آرمی چیف نے افواج پاکستان اورقوم کی جانب سے غازیوں اورشہدا کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جانتا ہوں آپ کے دکھوں کا کوئی بدل نہیں لیکن آپ کا حوصلہ ہمارے لیے مثال ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں پر ناز کرتی ہیں، پاکستان ایک زندہ اور تابندہ قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادروطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور نہ آئندہ کریں گے۔قبل ازیں یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں مرکزی تقریب ہوئی جس میں شہدا کو سلام پیش کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔جی ایچ کیو راولپنڈی میں مرکزی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ تقریب میں 65 کی جنگ کے حوالے سے دکھائی گئی دستاویزی فلم میں دشمن کو دی گئی عبرت ناک شکست کی کہانی بیان کی گئی۔ ڈاکیومنٹری میں شہدا کے اہلخانہ کے تاثرات بھی پیش کئے گئے جس نے تقریب کے شرکا کی آنکھیں نم کر دیں۔مرکزی تقریب میں کشمیر میں ہونیوالے مظالم کو بھی اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر، فوجی افسران اور شہدا کے لواحقین سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں ماتمی بگل بھی بجائے گئے اور شہدا کو جنرل سلیوٹ پیش کیا گیا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.