حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے،میر ضیاء اللہ لانگو
کوئٹہ( این این آئی) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع اور عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ رکن صوبائی اسمبلی اصغر ترین مشیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملک نعیم بازئی بھی موجود تھے, صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے اور بلوچستان کو پسماندگی اور عوام میں پائی جانے والی احساس محرومی دور کرنے کے لیے جو اقدامات صوبائی حکومت اٹھا رہی ہے وہ قابل تحسین ہیں۔موجودہ حکومت عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے۔ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام جارہی ہے اس سے بلوچستان کے عو ام کے مسائل جلد حل ہوں گے۔ صوبائی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنائے گی جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کے ساتھ ساتھ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں گے۔