
ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے سلسلے میں مقررکردہ ڈیڈ لائنز میں ایک دن کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،نور محمد دمڑ
کوئٹہ 12مئی۔صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نورمحمددمڑ نے منصوبہ بندی و ترقیات کے تمام انتظامی افسران پر واضح کردیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے سلسلے میں مقررکردہ ڈیڈ لائنز میں ایک دن کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی لہٰذا محکمے کے افسران اپنے اپنے سیکشن کے مقررہ ڈیڈ لائنز کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور مالی سال کے آخر تک جاری شدہ فنڈز کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔ مالی سال کے آخر تک جاری شدہ فنڈ لیپس ہونے کی صورت میں متعلقہ آفیسر ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ محکموں کے آفیسران اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دیں اور اس سلسلے میں محکمہ منصوبہ بندی کے اجلاسوں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جاری منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے جبکہ ضرورت کی بنیاد پر ایسے نئے منصوبے بھی نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جائیں جن سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔ سینئر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نے بعض ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ آفیسر کو ان منصوبوں پر آنے والے دنوں میں ٹھوس اور تسلی بخش پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ پندرہ دنوں میں ان منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے دوبارہ اجلاس بلایا جائے گا اور ان منصوبوں پر متعلقہ محکمے کا آفیسران ان منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کریں۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کا مزید کہنا تھا کہ رواں ماہ کے آخر میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے جاری کردہ فنڈز کے استعمال کا جائزہ لینے کے لئے بھی ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا اور فنڈز استعمال نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ آفیسران سے باز پرس کی جائے گی اور بغیر کسی ٹھوس وجہ کے فنڈز استعمال نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ آفیسران کے خلاف کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔