نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حلف کا معاملہ، پشاور ہائیکورٹ نے کل تک جواب طلب کرلیا

0 59

پشاور ہائیکورٹ نے نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی حلف برداری کے لیے درخواست پر کل تک جواب طلب کرلیا۔

پی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور آئینی طور پر گورنر کو استعفیٰ ارسال کر چکے ہیں، جس کے بعد نئے قائد ایوان کا انتخاب بھی کرلیا گیا ہے۔

دوران سماعت سینیئر قانون دان و پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے دلائل دیے کہ علی امین گنڈاپور نے بطور وزیر اعلیٰ استعفیٰ دے دیا جس کی تصدیق اسمبلی فلور پر کردی۔

انہوں نے کہاکہ آج نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوگیا ہے، چیف جسٹس کے پاس اختیار ہوتا ہے کہ حلف برداری کے لیے کسی کو نامزد کریں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ علی امین گنڈا پور نے دوبارہ استعفیٰ کیوں دیا؟ جس پر سلمان اکرم راجا نے کہاکہ پہلے استعفیٰ نہ ملنے کے بعد تصدیق کے لیے دوبارہ استعفیٰ لکھا گیا، اب ہم گورنر کی واپسی کا انتظار نہیں کرسکتے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیاکہ انہوں نے کوئی پیٹیشن دائر نہیں کی۔ ’ان کو کیا جلدی ہے، گورنر کی واپسی کا انتظار کریں۔‘

چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ آپ گورنر سے پوچھ لیں کہ استعفیٰ کیوں نہیں منظور کیا گیا، پھر ہمیں بتائیں۔

عدالت نے اٹارنی جنرل دفتر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں، تاہم اپوزیشن نے اس عمل کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.