شاہین آفریدی کی جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عدم شمولیت کا امکان
شاہین آفریدی کی جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عدم شمولیت کا امکان
ط پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کے جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ آل راؤنڈر شاداب خان بھی فٹنس مسائل کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 28 اکتوبر، 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ راولپنڈی جبکہ بقیہ دو میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کو جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں محدود بولنگ دی گئی، جہاں انہوں نے پہلی اننگز میں 5 اور دوسری میں 9 اوورز کروائے۔ ٹیم مینجمنٹ ان کی ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت انہیں آرام دینے پر غور کر رہی ہے۔
اسی طرح فاسٹ بولر حارث رؤف کی شمولیت کے امکانات بھی کم ہیں۔ وہ حالیہ دنوں میں مکمل فارم میں نہیں اور ٹیم انتظامیہ ان کی فٹنس کو مزید بہتر دیکھنا چاہتی ہے۔
دوسری جانب شاداب خان کندھے کی سرجری کے بعد بحالی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ وہ فی الحال انگلینڈ میں ٹریننگ کر رہے ہیں اور 22 اکتوبر کو پاکستان واپس آئیں گے۔ ان کی قومی ٹیم میں واپسی نومبر میں متوقع ٹرائی نیشن سیریز میں متوقع ہے، جس میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل کے لیے بینچ اسٹرینتھ کو مضبوط بنایا جا سکے۔