مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی ایرانی قونصل جنرل علی رضا رجائی سے ملاقات
کوئٹہ ( ) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے رہنماؤں کی اعلیٰ سطحی وفد نے کوئٹہ میں تعینات ایرانی قونصل جنرل علی رضا رجائی سے ایرانی قونصلیٹ میں ملاقات کی، وفد میں مرکزی جنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا، پاکستان بزنس فورم کے جنرل سیکرٹری حاجی یوسف، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سیف الدین نثار، صوبائی ترجمان کاشف حیدری، سلطان خلجی، الیاس ہزارہ، علی مدد حیدری اور دیگر بھی شامل تھے۔ ملاقات میں پاک ایران تجارت کو درپیش مسائل، ویزہ پالیسی میں پیچیدگیوں، بارڈر پر کاروباری رکاوٹوں اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے ایرانی قونصل جنرل کو تاجروں کو درپیش عملی مشکلات سے آگاہ کیا، بالخصوص ویزوں کے اجرا میں تاخیر، تاجروں کو درپیش امتیازی رویے، اور بارڈر پر آمدورفت سے جڑے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایرانی قونصل جنرل علی رضا رجائی نے وفد کو یقین دلایا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا خواہاں ہے اور تاجروں کے لیے سہولیات فراہم کرنے پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت ویزہ پالیسی میں نرمی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور ہمسایہ تعلقات کو مستحکم بنیاد پر آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تاجر برادری کے درمیان براہ راست روابط بڑھا کر کئی غلط فہمیوں کا ازالہ ممکن ہے۔ وفد نے اس موقع پر کوئٹہ تا زاہدان و مشہد براہ راست فلائٹ سروس کے آغاز پر ایرانی حکومت کو دلی مبارکباد پیش کی اور اسے دونوں ملکوں کے درمیان عوامی و تجارتی روابط کے فروغ کی جانب ایک خوش آئند اور عملی پیش رفت قرار دیا۔ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں یہ طے پایا کہ آئندہ بھی ادارہ جاتی سطح پر روابط کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ باہمی تعاون کو عملی شکل دی جا سکے۔