صدر ٹرمپ امن کے علمبردار، پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہونگے،وزیراعظم
صدر ٹرمپ امن کے علمبردار، پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہونگے،وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے امریکی صدر سے ملاقات کی، جو نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو عالمی تنازعات کے خاتمے کے لیے ان کی مخلصانہ کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور پاک بھارت سیزفائر میں ان کے فیصلہ کن کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خطے میں بڑے سانحے کو ٹالنے میں مدد ملی۔
غزہ کی صورتحال پر گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی جنگ بندی کے لیے کوششوں کو سراہا، بالخصوص نیویارک میں مسلم دنیا کے رہنماؤں کے ساتھ جامع مشاورت کو امن کے قیام کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
وزیراعظم نے رواں سال طے پانے والے ٹیرف معاہدے پر بھی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں پاک امریکا دیرینہ شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کو زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں انسداد دہشتگردی اور خطے کی سلامتی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور سکیورٹی و انٹیلیجنس تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔