پاکستانیوں کے لیے خوشخبری: اسکاٹ لینڈ میں ملازمت اور رہائش کا سنہری موقع
ویب ڈیسک: اسکاٹ لینڈ کے خوبصورت جزیرے ہیرس میں جوڑوں اور دوستوں کے لیے ایک منفرد ملازمت کا سنہری موقع دستیاب ہے، جہاں نہ صرف روزگار بلکہ رہائش اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہوٹل ہیبریڈیز نے بار اور ریسٹورنٹ کے لیے لائیو اِن اسٹاف کی آسامیوں کا اعلان کیا ہے۔ ان ملازمتوں کے لیے ترجیح ایسے جوڑوں یا دوستوں کو دی جائے گی جو ایک ساتھ رہائش اختیار کرنے کے خواہش مند ہوں۔
منتخب امیدواروں کو فی گھنٹہ 12.21 پاؤنڈ تنخواہ دی جائے گی، اور اس کے علاوہ ہفتہ وار ٹپس بھی شامل ہوں گی۔ یہ فل ٹائم ملازمت ہے جس میں زیادہ سے زیادہ 50 گھنٹے ہفتہ وار کام شامل ہوگا۔
ملازمت کے ساتھ رہائش، مفت کھانا، پارکنگ، ڈسکاؤنٹس اور پینشن پلان جیسی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
ہوٹل ہیبریڈیز جزیرے کے مرکزی علاقے ٹاربَرٹ میں واقع ہے، جو فیری پورٹ ہونے کے ساتھ جزیرے کا سب سے بڑا گاؤں بھی ہے۔ یہاں سی فوڈ ریسٹورنٹس، کیفے، دکانیں اور مشہور آئل آف ہیرس ڈسٹلری بھی موجود ہیں۔
جزیرہ ہیرس اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ یہاں موجود لسکنٹائر بیچ کو دنیا کے پانچ بہترین ساحلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس کی سفید ریت اور نیلا پانی سیاحوں کو مسحور کر دیتا ہے۔
ہوٹل انتظامیہ کے مطابق، یہ آسامی ان افراد کے لیے بہترین ہے جو مہمان نوازی کے شعبے میں تجربہ رکھتے ہیں اور تیز رفتار ماحول میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔