گر لانگ ٹرم پلاننگ کے بجائے الیکشن سے الیکشن تک کی پلاننگ کرینگے تو قوم کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتی، وزیر اعظم
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر لانگ ٹرم پلاننگ کے بجائے الیکشن سے الیکشن تک کی پلاننگ کریں گے تو قوم کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتی،ہر شعبے میں طویل المدتی منصوبہ بندی کا فقدان تھا جس کی وجہ سے ملک پیچھے رہنے لگا ، 60 کی دہائی میں جو امید تھی وہ کم ہوتی چلی گئی،ڈیمز بننے سے 10 ہزار میگا واٹ کلین انرجی ملے گی
، 2023 تک ملک میں 10 ارب لگائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ماحول کے ساتھ سیاحت پر بھی مثبت اثر پڑیگا، صحت کے شعبے میں ایک انقلابی چیز ہیلتھ کارڈ لارہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں نجی شعبے کے ہسپتالوں کا جال بچھ جائے گا۔اسلام آباد میں واپڈا کی جانب سے ملک کے پہلے گرین یورو بانڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ
اس بانڈ کے اجرا سے 50 کروڑ ڈالر کا قرض ملا۔دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق گرین یورو (انڈس بانڈ) دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی فنانسنگ کیلئے جاری کیا گیا اور یہ بانڈ ریاستی ضمانت کی بجائے واپڈا کی مستحکم مالی پوزیشن کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں اپنی ڈھائی سالہ دورِ حکومت میں دیکھ رہا ہوں کہ کئی چیزوں پر عمدرآمد تاخیر کا شکار ہے۔