کوئٹہ شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دلہا جاں بحق
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں خوشیوں بھرا موقع ماتم میں بدل گیا شادی کی تقریب میں روایتی کلاشنکوف کلچر کے باعث دلہا عبدالرحیم کاکڑ جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق عبدالرحیم کاکڑ کی جشنِ شادی کے موقع پر دوستوں اور عزیزوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی ایک گولی غلطی سے دلہا کو لگی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
شہریوں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شادیوں اور تقریبات میں اس خطرناک ہوائی فائرنگ کے رجحان کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شادیوں میں اسلحے کے استعمال اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، تاہم معاشرتی سطح پر بھی اس کلچر کے خاتمے کی ضرورت ہے تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں۔